Jul ۱۸, ۲۰۲۱ ۲۲:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران کی ڈرون طاقت سے اسرائیلی حکام کی نیند حرام، تہران کی طاقت کا لوہا مان لیا

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی ڈرون طاقت نے اسرائیل کی فضائی طاقت کی ہوا نکال دی ہے۔

صیہونی اخبار ہارٹس کے ایک سینئر صحافی ‏عاموس ہارئیل نے اپنے مقالے میں اسرائیل کے باخبر ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ ایران کی ڈرون توانائی سے اسرائیل بری طرح پریشان اور تشویش میں مبتلا ہے۔

اسرائیل کے فوجی ذرائع کے قریبی اس اسرائیلی تجزیہ نگار نے اپنے مقالے میں لکھا کہ ڈرون طیاروں کا استعمال اور ان کی افادیت بہت آسان ہے لیکن بہت جلد دشمنوں کے لئے مسائل کھڑے کر سکتا ہے، اس کی قیمت بھی کم ہے اور یہی سبب ہے کہ ایران نے کم خرچے والی فضائی طاقت کا انتخاب کیا ہے۔ 

اسرائیلی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ اس کے برخلاف اسرائیل، ایران کی طاقت سے بری طرح خوفزدہ ہے، خاص طور پر یہ کہ اب یہ ٹکنالوجی ایران کے بہت سے اتحادیوں کے ہاتھ لگ چکی ہے۔

اسرائیلی تجزیہ نگار نے اپنے مقالے میں لکھا کہ اسرائیل کے فوجی اور سیکورٹی حکام، ایران کی بڑھتی ڈرون طاقت سے بری طرح خوفزدہ ہیں اور ایران نہ صرف اس ٹکنالوجی کا مالک ہے بلکہ اس نے غزہ اور لبنان میں اپنے اتحادیوں کو بھی یہ ٹکنالوجی دے دی ہے۔

اسرائیل کے اس فوجی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ ایرانیوں نے ڈرون طیاروں کی تعمیر اور اس کی پیداوار کی ٹکنالوجی پوری طرح سے مقامی کر لی ہے اور تہران ایسے ڈرون بنانے میں بھی کامیاب ہو گیا ہے جو ریڈار کی پکڑ میں بھی نہیں آتے اور مناسب مقدار میں دھماکہ خیز مواد لے جا سکتے ہیں اور مناسب بلندی پر پرواز کر سکتے ہیں۔

ٹیگس