امریکہ اور اسرائیل اس نتیجے پر پہنچ گئے کہ ایران کو شکست نہیں دے سکتے: ایرانی اسپیکر
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے شام کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جو شام کے دورے پر ہیں کل رات شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔ ہونے والی ملاقات میں محمد باقر قالیباف نے گزشتہ 10 برسوں کے دوران استقامتی محاذ کے ہاتھوں امریکہ اور اسرائیل کی شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ فوجی طریقے سے ایران یا استقامتی محاذ کو شکست نہیں دی جا سکتی اسی لئے اب انہوں نے پابندیوں اور اقتصادی جنگ شروع کی ہے۔ انہوں نے شام میں امریکہ کے بعض اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا کوئی نتیجہ بر آمد نہیں ہو گا اور اسی لئے انہوں نے شامی عوام کے خلاف ذرائع ابلاغ اور اقتصادی جنگ شروع کی ہے۔
اس ملاقات میں شام کے وزیر اعظم حسین عرنوس نے شامی عوام کیلئے ایرانی عوام کی فدا کاریوں اور امداد اور اسی طرح تکفیری گروہوں کے خلاف ان کی استقامت و پائمردی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ تکفیریوں کا مقابلہ کرنے کیلئےشامیوں اور ایرانیوں کا لہو ایک ساتھ ملا ہوا ہے ۔
اس سے قبل ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے شام کے صدر بشار اسد کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ، اقتصادی و تجارتی مسائل نیزعلاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ جبکہ محمد باقر قالیباف نےاپنے شامی ہم منصب حمودہ صباغ سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔