Aug ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • ترکی، آگ بجھانے کی کارروائی میں ایران بھی پیش پیش

ایران کا ایلوشین چھیہتر قسم کا ایک طیارہ اور ایم آئی ایک سو اکہتر قسم کے دو ہیلی کاپٹروں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے اہلکاروں کے ساتھ ایرانی فائر بریگیڈ کا عملہ ترکی میں وسیع پیمانے پر لگی آگ بجھانے کے لئے گذشتہ کئی دنوں سے مصروفِ عمل ہے۔

سپاہ نیوز کے مطابق ایران کی جانب سے یہ اقدام ترکی کی باضابطہ درخواست اور ایران کی مسلح افواج کے فیصلے کے بعد عمل میں لایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک دس سے زائد بار ایلوشین طیارہ آپریشن انجام دے چکا ہے جبکہ پیر کے روز سے ہیلی کاپٹروں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کا فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کے عمل میں خاص مہارت و تجربہ رکھتا ہے جو اب تک ملکی و غیر ملکی سطح پر آگ بجھانے کے حوالے سے اہم اقدامات انجام دے چکا ہے اور اُس نے اب تک دنیا کے مختلف ملکوں خاص طور سے دوست و پڑوسی ملکوں کی مدد کی ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے جنگلات میں گزشتہ قریب ایک ہفتے سے لگی آگ اب تک بے قابو ہے، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور ایک سو اسی سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جنگلات کا بڑا حصہ جل کر راکھ ہوگیا ہے۔

ٹیگس