Aug ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ترکی کے صدر نے کی آیت الله سیدابراہیم رئیسی کی قدردانی

ترکی کے صدر نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ایران کے صدر کی جانب سے ترکی میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کو بجھانے میں مدد دینے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان ملکوں کے سربراہوں کی جنہوں نے ترکی کی جنگل میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں مدد دی اور ترکی کا ساتھ  دیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قدردانی کی۔

ترک صدر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ میں اپنے ملک کے عوام کی جانب سے اپنے اُن سبھی دوست ممالک اور اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگلوں میں لگی آگ کو بجھانے میں ہماری مدد کی، اپنی آمادگی ظاہر کی اور تعزیتی و تسلیتی پیغامات ارسال کئے۔ امید کرتا ہوں کہ ہم اس سخت مرحلے کو جلد از جلد عبور کر لیں گے۔

 ترکی میں ایران کا ایلوشین چھیہتر قسم کا ایک طیارہ اور ایم آئی ایک سو اکہتر قسم کے دو ہیلی کاپٹروں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے اہلکاروں کے ساتھ ایرانی فائر بریگیڈ کا عملہ ترکی میں وسیع پیمانے پر لگی آگ بجھانے کے لئے گذشتہ کئی دنوں سے مصروفِ عمل ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک دس سے زائد بار ایلوشین طیارہ آپریشن انجام دے چکا ہے جبکہ پیر کے روز سے ہیلی کاپٹروں کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کا فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کے عمل میں خاص مہارت و تجربہ رکھتا ہے جو اب تک ملکی و غیر ملکی سطح پر آگ بجھانے کے حوالے سے اہم اقدامات انجام دے چکا ہے اور اُس نے اب تک دنیا کے مختلف ملکوں خاص طور سے دوست و پڑوسی ملکوں کی مدد کی ہے۔

خیال رہے کہ ترکی کے جنوبی علاقوں کے جنگلات میں گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بھیانک آگ بھڑکی ہوئی ہے جس کے باعث اب تک سیکڑوں ایکڑ جنگلات جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ آگ نے جنگلات کے ساتھ ساتھ اپنی راہ میں حائل مکانات اور گاڑیوں کو بھی جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تیرہ جہاز، پینتالیس ہیلی کاپٹر اور تقریبا آٹھ سو فائربریگیڈ کی گاڑیاں دن رات آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ایران روس یوکرین اور جمہوریہ آذربایجان، یہ وہ ممالک ہیں جو جنگلی آگ پر قابو پانے میں ترکی کی مدد کر رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود لگی آگ اب تک بے قابو ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 180 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جنگلات کا بڑا حصہ جل کر راکھ ہوگیا ہے۔

ٹیگس