گروپ سیون کا بیان بے بنیاد اور قابل مذمت ہے: خطیب زادہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ گروپ سیون اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے نمائندے کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں جس میں ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے گروپ سیون کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈرامہ صدر ایران کی تقریب حلف برداری کے صرف چندروز قبل کیا گیا جو کہ ایران میں جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار کا مظہر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کے ڈرامے ماحول کو خراب کرنے کے لئے رچے جاتے ہی اور اس کے پیچھے غالبا صیہونی حکومت کا ہاتھ ہوتا ہے، اور اس میں وہ بھی شامل ہوتے ہیں جو فورا غیرحقیقی اور غیرعاقلانہ نتیجہ اخذ کرنے کے لئے تیار بیٹھے رہتے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ایران خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے اسٹریٹیجک علاقے میں امن و سیکورٹی قائم کرنے کا پوری طرح پابند ہے اور اسے اپنی سیکورٹی کاحصہ سمجھتا ہے۔ خطیب زادہ نے کہا کہ ایران علاقے میں اجتماعی سیکورٹی نظام کے قیام اور اس کے استحکام کا ضامن ہے اور اس علاقے میں اپنے اقتدار اعلی کے دفاع میں ذرہ برابر بھی پس و پیش سے کام نہیں لے گا۔
گروپ سیون کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعے کو ایک بیان میں اسرائیلی بحری جہاز مرسر اسٹریٹ پر حملے کے بارے میں ایک بار پھر کسی ثبوت کے بغیر ایران پر اس حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔