Aug ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • صدر ایران نے فرانسیسی صدر کو آئینہ دکھا دیا

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کی بنیاد پر فرانس کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کرتی ہے۔

اپنے فرانسیسی ہم منصب عمانوعیل میکرون سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے امریکہ اور تین یورپی ملکوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کی جانب متوجہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے نئی پابندیاں عائد کرکے ایٹمی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے یہاں تک کہ پابندیوں کا دائرہ انسانی ضرورت کی اشیا تک پھیلا دیا ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ اور یورپ، دونوں کو ایٹمی معاہدے میں کیے گئے اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں ایرانی عوام کے حقوق اور مفادات کی تکمیل کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت ہے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خیلج فارس اور بحیرہ عمان کی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے پوری طرح سنجیدہ ہے اور اس میں خلل ڈالنے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دے گا۔

فرانس کے صدر عمانوعیل میکرون نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو کے آغاز میں سید ابراہیم رئیسی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور پیرس باہمی تعاون کے ذریعے خطے کی سلامتی اور استحکام میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ فرانسیسی صدر نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی یک طرفہ علیحدگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کو حل کرنا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ ایٹمی معاہدے کی بحالی کے مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہوں گے۔

ٹیگس