خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کے سلسلے میں کوئی تشویش نہیں ہے: جنرل باقری
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل باقری نے زور دے کر کہا ہے کہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کے بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل باقری نے اتوار کو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی جانب سے بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل شہرام ایرانی کو بحریہ کا نیا سربراہ مقرر کئے جانے کے بعد ان کے لئے منعقد کی گئی تعارفی اور سابق کمانڈر کی الوداعی تقریب میں کہا کہ بحریہ کی محنتوں اور کاوشوں کے نتیجے میں خلیج فارس ، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کی سیکورٹی کے سلسلے میں کسی طرح کی تشویش نہیں ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا کہ اس وقت ہماری نگاہیں دور دراز کے علاقوں پر لگی ہوئی ہیں۔
جنرل باقری نے زور دے کر کہا کہ مسلح افواج کی طاقت خاص طور سے بحریہ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا، بحری بیڑوں کی تعمیرنو اور انھیں جدید ترین سسٹم اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ایک اہم ضرورت ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل باقری نے کہا کہ بحری فوج باایمان، پرعزم اور انقلابی افرادی قوت کی مدد سے مضبوط و توانا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے ساتھ مل کر ماضی سے زیادہ طاقتور اور پرعزم ہو کر اپنی ذمہ داریوں کے میدان میں اترے گی۔
اس سے قبل آج صبح تہران میں بحریہ کے سابق اور جدید کمانڈروں کی تعارفی اور الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں فوج کے کمانڈر انچیف جنرل سید عبدالرحیم موسوی، سپریم کمانڈر کے دفتر کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمد شیرازی ، مسلح افواج میں عقیدتی اور سیاسی دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین عباس محمد حسنی سمیت مختلف فوجی عہدیدار اور افسران موجود تھے۔