تہران اور اسلام آباد افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں: سفیر ایران
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے زور دے کر کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد افغانستان کی بھلائی چاہتے ہیں اور اس ملک میں امن و استحکام دونوں پڑوسی ملکوں کی مشترکہ خواہش ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستانی وزیر خارجہ کے دورۂ ایران کے موقع پر کہا ہے کہ ایران اور پاکستان، افغانستان کے دو اہم پڑوسی ممالک کی حیثیت سے اس ملک پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے بیس سالہ قبضے کے باعث پیدا ہونے والی افراتفری کا نشانہ بنے رہے ہیں۔
پاکستان میں ایران کے سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں کے دوران افغانستان کے سلسلے میں اچھا صلاح و مشورہ اور ہماہنگی رہی ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد بحران افغانستان کے عسکری حل کے مخالف ہیں اور اس ملک میں ایک وسیع البنیاد قومی حکومت کی تشکیل کے خواہاں ہیں۔
محمد علی حسینی نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کے دورہ تہران کے موقع پر افغانستان کے حالات اور علاقائی مسائل سمیت باہمی تعاون، تجارت اور سرحدی امور زیرغور آئیں گے۔