Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل صیہونی جرائم و دہشتگردی کو لگام دے: ایران

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی امن و استحکام کے لئے خطرہ بن چکے غاصب صیہونی حکومت کے مجرمانہ اور دہشتگردانہ اقدامات کو لگام دے۔

ارنا نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قائم مقام سفیر زہرا ارشادی نے سلامتی کونسل کے نام ایک مراسلہ تحریر کر کے خود ساختہ صیہونی حکومت کی جانب سے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کو لاحق خطرات پر اعتراض درج اور خبردار کیا کہ صیہونی حکومت اگر غلط اندازوں کا شکار ہو کر ایران کے سلسلے میں مہم جوئی کرتی ہے تو اس کے سنگین نتائج اسے بھگتنے ہوں گے۔

زہرا ارشادی نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے حالیہ دنوں میں صیہونی حکوم کے دھمکی آمیز بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی وزیر اعظم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں دبے لفظوں میں یہ اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام پر مخفیانہ طور پر حملے کئے ہیں اور ساتھ ہی تمام تر گستاخی کے ساتھ یہ اعلان کیا ہے کہ اس قسم کے حملے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔

اقوام متحدہ میں ایران کی نمائندہ نے کہا کہ صیہونی حکومت نے ایران کے ایک حساس ایٹمی مرکز کو نشانہ بنایا تھا کہ جہاں سے ریڈیو ایکٹیو مادے کے پھیلاؤ کا خطرہ تھا اور اس کا یہ مجرمانہ اقدام ایٹمی دہشتگردی کا مصداق ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی ضابطوں کی بڑی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونی حکومت کی جانب سے عالمی امن و استحکام کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر اسکے ایسے مجرانہ اقدامات پر سخت نوٹس لے۔

زہرا ارشادی نے مزید واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملک کے خلاف اس قسم کی دھمکیاں عالمی ضابطوں اور اقوام متحدہ کے آئین بالخصوص اسکی دوسری شق کی کھلی خلافورزی شمار ہوتی ہیں، لہذا عالمی برادری کو کسی قیمت پر اسے برداشت نہیں کرنا چاہئے۔

ٹیگس