Sep ۱۶, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران علاقائی تعاون کو خاص اہمیت دیتا ہے: صدر رئیسی

ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے شانگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کے روز شنگھائی تعاون تنظیم کے اکیسویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تاجیکستان کے لئے روانہ ہونے سے قبل کہا ہے کہ وہ اس اجلاس میں شرکت اور ایران کا نقطہ نظر پیش کرنے کے علاوہ مختلف ملکوں کے سربراہوں اور اعلی حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اس دورے میں اپنے تاجیک ہم منصب کے ساتھ ملاقات و مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجیک سربراہ سے ہونے والے مذاکرات سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں خوشگوار تعلقات کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

انھوں نے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پائے جانے والے بندھنوں اور مشترکہ اقدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صدر ایران کے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ ایشیائی ملکوں کے درمیان مفاہمت کا عمل تیز ہو اور اس سلسلے میں اہم اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس دورے میں تاجیک حکام کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

ٹیگس