Sep ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران ہر حماقت کا منھ توڑ جواب دے گا: وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے صیہونی حکام کی ہرزہ سرائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہر طرح کے احمقانہ اور جاہلانہ اقدام کا دنداں شکن جواب دے گی۔

ایران کے وزیر دفاع جنرل محمد رضا آشتیانی نے پیر کو وزارت دفاع کے اعلی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بارہا واضح کر چکا ہے کہ ایران کے مقامی سائنسدانوں کی ایجادات اور جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی پیشرفت و ترقی اور ایران کی عظیم قوم کی دفاعی طاقت صرف ایران اسلامی کی سرحدوں اور حدود کی حفاظت و سیکورٹی نیز ممکنہ خطرات و جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہے۔

جنرل آشتیانی نے ایران اسلامی کے دشمنوں بالخصوص بعض صیہونی حکام کے پست بیانات اور ہرزہ سرائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی عظیم و بہادر قوم اپنے ایمانی جذبے کی طاقت سے ہر میدان میں دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے عظیم عوام ماضی کی طرح ہی پوری ہوشیاری، مجاہدت اور استقامت سے دیگر ‏عظیم کامیایبوں کی بلندیاں طے کرتے رہیں گے۔

ایران کے وزیر دفاع نے دشمنوں کو ان کے پست بیانات پر سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شیطان کے آلہ کار اور کھوکھلی طاقتوں سے وابستہ حکومتیں تھک ہار کر الزام تراشی اور بیہودہ گوئی پر اتر آئی ہیں۔

جنرل آشتیانی نے ایران اسلامی کے دشمنوں خاص طور پر بعض صیہونی حکام کی بکواس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ غاصب حکومت جس نے ہمیشہ ہی ملت ایران کے مقابلے میں ناکامیوں کا منہ دیکھا ہے اور پوری دنیا کے حریت پسندوں اور عالمی رائے عامہ کے سامنے ذلیل و شرمسار رہی ہے، اُس سے مظلوم اور نہتھے خواتین اور بچوں کے سامنے بغض و کینے کے اظہار کے سوا کوئی اور توقع نہیں کی جا سکتی۔

درایں اثنا مقدس ہفتہ دفاع کی مناسبت سے منگل سے ایران کی فضائی طاقت کے مظاہرے کے لئے بحیرہ عمان کے ساحل پر دوسری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جو ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اس نمائش کے جملہ پروگراموں میں بحیرہ عمان کی فضاؤں میں جنگی طیاروں کی مشقیں اور نمائشی اقدامات بھی شامل ہیں۔ ہفتہ دفاع مقدس کے موقع پرعوام کے لئے کنارک اور چابہار اضلاع میں مسلح افواج کے ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان کی نمائش بھی لگائی جائے گی۔

ٹیگس