مذاکرات کے لئے ایران کے حتمی فیصلے کا انحصار امریکہ کا عملی رویہ ہے: وزیرخارجہ ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے نیویارک میں مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں علاقے کے مسائل سے متعلق تہران کے موقف کو کھل کر بیان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ تہران امریکہ کے عملی رویے کی بنیاد پر مذاکرات کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے نیویارک سے تہران کی جانب واپسی سے قبل کہا کہ ایران امریکہ کے عملی رویے کی بنیاد پر فیصلہ کرے گا اور امریکیوں کے متضاد پیغامات جو ہم تک میڈیا یا دیگر سفارتی ذرائع سے پہنچتے ہیں، ہمارے حتمی فیصلے کے لئے معیار نہیں ہوں گے۔
وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی بنیاد متانت ، حکمت اور منطق ہے لیکن امریکہ میں فیصلہ لینے والوں اور وائٹ ہاوس کے رویے میں عجلت اور نامعقولیت پائی جاتی ہے۔ ان کہنا تھا کہ دنیا آج افغانستان کی صورت حال میں امریکہ کی اس غلط اور ناکارہ پالیسیوں کی کچھ جھلک دیکھ رہی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس دورے میں ایران اسلامی کی تیرہویں حکومت کی خارجہ پالیسی کو کھل کر بیان کرنے کا موقع ملا اور بیرونی فریق، یورپی ممالک، لاطینی امریکہ، افریقہ، عرب ممالک اور سب نے ایران کی نئی حکومت کے رویّے اور موقف کا خیرمقدم کیا۔
اس درمیان ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے بھی ملاقات کی جس میں طے پایا کہ عراقی حکومت پر ایران کی واجب الادا رقم کی منتقلی سمیت بعض دیگر موضوعات کا پہلے سے زیادہ سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور ان موضوعات کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔
ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین سے ملاقات میں باہمی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں فریقین نے اتفاق کیا کہ عراقی حکومت پر ایران کی واجب الادا رقم کی منتقلی سمیت بعض دیگر موضوعات کا پہلے سے زیادہ سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اوریہ موضوعات جلد سے جلد حل ہوں۔
اس ملاقات میں ایران اور عراق کے وزرائے خارجہ نے عراقی وزیراعظم کے حالیہ دورہ تہران کے موقع پر ہونے والے سمجھوتوں، وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کے دورہ عراق، نیز نیویارک میں منعقدہ عراق کے پڑوسی ممالک کی کانفرنس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیرخارجہ نے نیویارک میں اپنے قیام کے دوران ایشیا یورپ لاطینی امریکا اور افریقا کے متعدد ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ ایران کے وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے پیش نظر نیویارک پہنچے تھے جو پانچ روز تک سخت مصروفیت اور بھرپور سفارتی سرگرمیوں کے بعد سنیچر کی شام نیویارک سے تہران کے لئے روانہ ہوگئے۔