ایران تمام ممالک کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے مگر باہمی احترام کی بنیاد پر: صدر رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران تمام ممالک کے ساتھ تعاون چاہتا ہے تام یہ تعاون باہمی احترام اور قوموں کے مفادات کو مدنظر رکھ کر ہونا چاہئے۔
صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کو تہران میں برطانیہ کے نئے سفیر کی سفارتی اسناد وصول کرتے ہوئے کہا کہ خودمختاری و آزادی ایران کے عوام کا بنیادی نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک حقیقت میں خودمختار ہے اور ہماری خودمختاری صرف دعوی کی حد تک نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ آزادی و خودمختاری کی روح ملت ایران کے وجود میں رچی بسی ہے اور وہ جب بھی محسوس کریں گے کہ دوسرے ممالک منھ زوری یا زور و زبردستی کر رہے ہیں تو اس کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور ردعمل ظاہر کریں گے۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعاون اور کام کرنے کا بہترین طریقہ باہمی احترام کی پابندی ہے کیوں کہ اسلامی جمہوری نظام کوئی بھی غلط بات تسلیم نہیں کرے گا اور یورپ اور مغرب کو اپنے تجربات کی بنیاد پر ایران کو ایک خودمختار ملک کی نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔
اس موقع پر تہران میں برطانیہ کے نئے سفیر سائمن شرکلیف نے صدر مملکت کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیس سال بعد دوسری بار تہران میں سفیر کی حیثیت سے نئی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایران کا اچھا تجربہ اور شناخت ہے اور میرا اصلی مقصد مثبت اور تعمیری نگاہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے۔