Sep ۲۷, ۲۰۲۱ ۰۸:۳۶ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی کے موقع پر ایران سمیت پوری دنیا کی فضا سوگوار و عزادار

سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کے چہلم کے دن ایران و عراق سمیت پورا عالم سوگوار و عزادار ہے جبکہ لاکھوں زائرین اس وقت کربلائے معلیٰ میں موجود ہیں۔

فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر پوری دنیا کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا، نوحہ خوانی اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے -

اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے ہر چند کہ  بڑے بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہو رہے تاہم اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر کے مسلمان اربعین حسینی کی مناسبت سے مجالس عزا اور عزاداری کر رہے ہیں۔ عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں اس وقت تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے اور عزاداروں کا سمندر امڈ آیا ہے اور اس وقت ہر طرف لبیک یا حسین کی صدا گونج رہی ہے۔

اربعین حسینی کے موقع پر ایران کے مختلف علاقوں اور شہروں میں کورونا پروٹوکول کی پاسداری کے ساتھ مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے- اس موقع  پر پورا ایران سوگوار و عزادار ہے- مشہد مقدس اور قم سمیت سبھی مقدس مقامات پر عزاداران مظلوم کربلا کورونا پروٹوکول کی پابندی کے ساتھ عزاداری اور نوحہ و ماتم میں مصروف ہیں۔

ادھر عراق سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ دسیوں لاکھ سوگوار و عزادار اربعین حسینی اور اربعین مارچ میں شرکت کے لئے نجف و کربلا پہنچے ہیں- اس وقت نجف اشرف سے کربلائے معلی کے درمیانی راستے میں عاشقان حسینی کا سیلاب ہے جو مرجع خلائق سید الشہدا حضرت امام حسین اور علمدار کربلا ابوالفضل العباس علیھما السلام کی بارگاہوں کی جانب رواں دواں ہے-

زائرین حسینی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے وزارت دفاع نے سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے ہیں جس کے تحت رضاکار فورس الحشد الشعبی کے تقریبا دس ہزار جوانوں کے علاوہ پولیس اور فوج کے ہزاروں جوانوں کو کربلا اور اس کی جانب منتہی ہونے والی شاہراہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

اگرچہ کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے اس سال غیر ملکی زائرین کی تعداد اربعین مارچ میں کم ہے لیکن اس کے باوجود عراق، ایران آذربائیجان اور دیگر ملکوں سے بڑی تعداد میں زائرین عراق پہنچے ہیں اور اربعین کا پیغام پوری قوت کے ساتھ دنیا والوں تک پہنچا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں آج بروز پیر جبکہ عراق، پاکستان اور ہندوستان میں کل بروز منگل اربعین حسینی ہے۔

ٹیگس