آئی اے ای اے کو غلط رپورٹوں سے تعمیری عمل میں خلل نہیں ڈالنا چاہئیے: ایران
ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے ترجمان نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر کی حالیہ غلط رپورٹ کی اشاعت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ادارے کو ٹارگٹڈ اور متعصب رپورٹوں سے تعمیری عمل میں خلل نہیں ڈالنا چاہئیے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر رافائل گروسی کی غلط رپورٹ کے رد عمل میں آئی اے ای اے کو ایک خط بھیج کراس غیر تعمیری اقدام پر اعتراض کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رافائل گروسی اور اس کے ساتھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ مشترکہ بیان کے تحت طے پانے والے معاہدے میں کرج کمپلیکس کے نگرانی کے آلات (کیمرے) شامل نہیں ہیں اس لئے کہ جولائی کے مہینے میں تخریب کاری کے نتیجے میں یہ ابھی تک سیکورٹی تحقیقات کے تحت ہیں۔
بہروز کمالوندی نے کہا کہ اس کمپلیکس کے کیمروں کے میموری کارڈ کی تبدیلی کو بڑھانے کی درخواست آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے دورہ تہران کے دوران اور ویانا کانفرنس کے موقع پر بھی اٹھائی گئی تھی جس پر ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے وضاحتیں پیش کرتے ہوئے ان کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔