ایران مشکل حالات میں لبنان کو تنہا نہیں چھوڑے گا: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے دورہ لبنان کے موقع پر کئی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ بیروت میں لبنان کے صدرمیشل عون سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انھوں نے کہا کہ ایران مشکل حالات میں لبنان کو تنہا نہیں چھوڑےگا۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور لبنان کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران اور لبنان کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات کے بعد مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے جو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ لبنان کے دورے پر ہیں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لبنان کے خلاف امریکی پابندیوں کو ناکام بنانے کے لئے لبنانی عوام اور لبنانی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔