ویانا مذاکرات کے تعلق سے امریکی پینترے بازی پر ایران کا صاف موقف
جوہری معاہدے کے تعلق سے ایران نے امریکی پینترے بازی کا جواب دیتے ہوئے اپنے واضح موقف کا اعادہ کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ ہم مذاکرات میں اپنا وقت برباد نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت ویانا مذاکرات میں واپس آئے گا جب مغرب اپنی حسن نیت کا مظاہرہ اور اپنے وعدوں پر عمل کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان نے جعمہ کے روز لبنان دورے کے خاتمہ پر بیروت میں پریس کانفرنس میں کہا کہ جوہری مذاکرات میں ایرانی قوم کے مفاد پوری طرح حاصل ہوں۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا: ہم اپنا وقت مذاکرات میں برباد نہیں کرینگے، ہمارے لئے امریکہ سمیت مقابل فریق سے ایسی علامات کا ملنا اہمیت رکھتا ہے جس سے امریکہ کی اپنے وعدوں پر عمل درآمد میں سنجیدگی ظاہر ہو۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نڈ پرائس نے جعمرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ جیسے ہی تہران دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر تیار ہوگا واشنگٹن مذاکرات جاری رکھنا چاہے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ جوہری معاہدے سے متعلقہ پابندیاں نہیں ہٹاتا اس وقت تک مذاکرات بے معنی ہیں کیونکہ امریکہ یکطرفہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جوہری معاہدے سے باہر نکلا اور اس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف پابنديان لگائیں۔