Oct ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ کی شامی صدر سے ملاقات، دونوں ممالک کے درمیان مختلف میدانوں میں تعلقات کی منصوبہ بندی

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان، اپنے غیر ملکی دورے کے تیسرے مرحلے میں روس اور لبنان کا دورہ مکمل کرکے ہفتے کے روز دمشق پہنچے۔ دمشق پہنچنے پر شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے ایئر پورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان کا خیرمقدم کیا۔

ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر حسین عبداللھیان کا کہنا تھا کہ وہ ماسکو اور بیروت کے بعد ہفتے کو صدر بشار اسد کے ساتھ ملاقات اور صلاح و مشورے کا عمل مکمل کرنے کی غرض سے دمشق پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران، شروع سے اپنے علاقائی دوستوں اور خاص طور سے شام اور شامی حکام کے ساتھ صلاح و مشورے کو اہمیت دیتا رہا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران تہران اور دمشق کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم معاہدے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات کے فروغ کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

حسین امیرعبداللھیان کا کہنا تھا کہ شام، ترقی و پیشرفت کے راستے پر گامزن ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کی طرح ترقی و پیشرفت کے میدان میں بھی دمشق کی مدد کرے گا۔

 

ٹیگس