Oct ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • قائد انقلاب اسلامی اور صدر جمہوریہ نے ایرانی پہلوانوں کو مبارکباد دی

اوسلو میں ہوئے کشتی کے عالمی مقابلوں میں ایرانی پہلوانوں کی مایۂ ناز کارکردگی کو سراہتے ہوئے قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ اور صدر جمہوریہ سید ابراہیم رئیسی نے تہنیتی پیغامات جاری کئے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک مختصر پیغام میں ایرانی پہلوانوں اور انکے کوچ کی زحمتوں اور جانفشانیوں کی قدردانی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

آپ نے اپنے پیغام میں فرمایا: کشتی کے پہلوانوں اور انکے کوچ پر صد آفرین کہ جنہوں نے سبھی بالخصوص نوجوانوں کو خوش کیا۔

قائد انقلاب اسلامی نے اسی طرح اپنے پیغام میں کشتی کی قومی ٹیم کی کامیابی و کامرانی کے لئے دعا بھی کی۔

اُدھر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے عالمی مقابلوں میں ایران کی کشتی ٹیم کو دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

سید ابراہیم رئیسی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے: (کشتی کے عالمی مقابلوں میں ایران کی) طاقت و توانائی کی عکاس اور پر امید موجودگی اس بات کی علامت تھی کہ ایران کی با صلاحیت اور متحرک قوم اپنے لائق اور بالیدہ نوجوانوں کے ذریعے فخریہ کارنامے رقم کرنے کی راہ میں بڑے قدم اٹھانے کے لئے پر عزم ہے۔

صدر ایران نے ایرانی پہلوانوں اور انکے محنتی مربیوں کی زحمتوں اور جانفشانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گریکو رومن کشتی کے عالمی مقابلوں میں چار سونے اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ ایران کی تاریخی کامیابی اور دوسری پوزیشن نے ایرانی قوم کے خوشی و شادمانی کو دوچنداں کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہوئے گریکو رومن کشتی کے عالمی مقابلوں میں ایرانی پہلوانوں کی ٹیم نے چار سونے اور دو کانسی کے تمغے جیت کر مقابلوں کی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

مزید دیکھیئے:

ایرانی پہلوانوں نے تاریخ رقم کی، گریکو رومن کشتی کے عالمی مقابلوں میں چاروں فائنلسٹ بازی مار لے گئے

ٹیگس