منشیات کے خلاف مہم میں ایران اور ہندوستان کا مشترکہ تعاون
ایران اور ہندوستان نے منشیات کے خلاف مشترکہ مہم میں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق منشیات کے خلاف مہم سے متعلق ایران اور ہندوستان کے آنلائن اجلاس میں دونوں ملکوں کے متعلقہ عہدیداروں نے منشیات کے سلسلے میں مشترکہ تشویش اور اس سلسلے میں ہونے والی مفاہمت کی بنا پر منشیات کے خلاف مہم میں مشترکہ کوششوں اور مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں فریقین نے اس سلسلے میں باہمی تعمیری تعاون اور اطلاعات کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ انسداد منشیات کے میدان میں ہر طرح کی سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر عالمی سطح پر سب کو اپنی مشترکہ ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ کئی عشرے سے افغانستان میں منشیات کی پیداوار اور اس کی بڑھتی اسمگلنگ ایران، علاقے اور پوری دنیا کے لئے باعث تشویش بنی ہوئی ہے جبکہ اس مشکل کا سدباب کرنے اور منشیات کے خلاف مہم میں سب کے مشترکہ تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں سخت موقف اور اصولی پالیسی پر گامزن ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹوں کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے اکیلے ہی، دنیا بھر میں اسمگل ہونے والے افیون کا نوے فیصد، مورفین کا ستر فیصد اور ہیروئن کے بیس فیصد مادے کا پتہ لگا کر اسے ضبط کیا ہے۔