Oct ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران روس تعلقات تقویت کے راستے پر گامزن ہیں: جنرل باقری

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ تہران ماسکو تعلقات تقویت اور پائیداری کی جانب گامزن ہیں۔

 رشیا ٹوئنٹی فور نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے روسی حکام کے ساتھ مذاکرات کو انتہا‏ئی مفید اور سود مند قرار دیا۔

 جنرل باقری نے کہا کہ جنگی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور تربیتی جیٹ طیاروں کی خریداری کو حتمی شکل دینے نیز تجربات کے تبادلے کے حوالے سے روسی حکام کے ساتھ گفتگو انتہائی مفید اور سود مند رہی۔

انہوں نے اپنے روسی ہم منصب، گراسی موف کے ساتھ مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں خاص طور سے شام میں دہشت گردی کی بیخ کنی اور مکمل امن کے قیام تک، تہران  ماسکو تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جنرل باقری نے کہا کہ افغانستان کی تبدیلیوں اور جنوبی قفقاز کے مسائل کے بارے میں ایران اور روس کے نظریات میں کافی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

 ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے، سن پیٹرز برگ کے قریب واقع جزیرہ کرونشتات میں روسی نیوی کی تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔

جنرل محمد باقری بدھ کے روز روسی نیوی کے تربیتی بحری جہاز پریکوب کے عرشے پر گئے، کیڈیٹوں کی ٹریننگ کا قریب سے مشاہدہ کیا اور مذکورہ بحری بیڑے کے کمانڈر اور دیگر اعلی افسران سے تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس