ایران کو مذاکرات میں دعویدار ملکوں کی وعدہ خلافیوں کا سامنا رہا ہے، محمد اسلامی
ایران کی ایٹمی توانائی کی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے مذاکرات میں مغربی ملکوں کی وعدہ خلافیوں پر ایک بار پھر سخت تنقید کی ہے۔
ایران کی ایٹمی توانائی کی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے تہران میں آسٹریا کے سفیر ولفگانگ دیتریش سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایران، ایٹمی معاہدے اور اس میں کئے جانے والے وعدوں پر عمل کرتا رہا ہے اور اس کو ایٹمی معاہدے کے یورپی فریق ملکوں کی ہمیشہ وعدہ خلافیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ستم ظریفی یہ ہے کہ وعدہ خلافی کرنے والے ممالک، ایران پر ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔محمد اسلامی نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک کو چاہئے کہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اگر ایٹمی معاہدے میں واپس آتا ہے اور اپنے وعدوں پر عمل کرتا ہے تو ایران، مذاکرات اور اپنے وعدوں پر عمل کرنے کے لئے تیار ہے۔
اس ملاقات میں آسٹریا کے سفیر نے بھی ایٹمی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے لئے اپنے ملک کی ماضی میں میزبانی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایٹمی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے مثبت عمل کو آگے بڑھانے کے لئے ہر طرح کی مدد و تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔