دشمن ہار مان چکا ہے: کمانڈر سپاہ پاسداران
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ دشمن اس نتیجے پر پہنچ چکا ہے کہ وہ ایران کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور سامراجی قوتوں بالخصوص امریکہ کا زوال نزدیک ہے۔
ایران کے مقدس شہر مشہد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آج رہبر انقلاب اسلامی کی حکیمانہ قیادت کے سائے میں دنیا بھر میں اسلام کو طاقت و سربلندی اور عظمت حاصل ہو رہی ہے اور حزب اللہ لبنان کے سربراہ کا یہ کہنا کہ ایندھن کے ٹینکر ہماری سرزمین کے مانند ہیں اور اگر انھیں نشانہ بنایا گیا تو ہم بھی نشانہ بنائیں گے، اسی عظمت کا نتیجہ ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ہم تاریخ اسلام کے سخت ترین دور سے گذررہے ہیں اور ہمارے حالات عام حالات نہیں ہیں کہا کہ اس وقت شیطانی طاقتوں کو ایسے اسلام سے کوئی سروکار نہیں ہے جو صرف ذاتی عبادات تک محدود ہے، لیکن انھیں یہ منظور نہیں کہ اسلام کوئی سیاسی نظام تشکیل دے اور ایک مضبوط و طاقتور جغرافیا کا حامل ہو اور ایسی طاقت کا حامل ہو جو دنیا کا نقشہ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔