4 نومبرعالمی سامراج سے مقابلے کا قومی دن
اسلامی جمہوریہ ایران کی فضا آج 4 نومبر کو عالمی استکبار کے خلاف " هیهات منا الذله" اور امریکہ مردہ باد کے نعروں سےگونج رہی ہے۔
13آبان مطابق 4 نومبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اسی طرح عالمی سامراج سے نفرت و بیزاری کے اظہار کیلئے ہر سال 4 نومبر کو ایرانی عوام یوم اللہ کے موقع پر بڑی بڑی ریلیاں نکال کر بانی انقلاب اسلامی، شہداء اور اپنے اصولی موقف سے تجدید عہد کرتے تھے۔ تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ دو سال سے ریلیوں کا انعقاد نہیں کیا جا رہا لیکن اس کے باوجود ایرانی عوام اور طلباء و طالبات مختلف پروگراموں میں عالمی استکبار سے نفرت و بیزاری کا اظہار اور اعلان کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تیرہ آبان انیس سو اناسی میں ایرانی طلباء نے، ایران کے اسلامی انقلاب کے خلاف امریکہ کی مختلف سازشوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تہران میں امریکہ کے سفارت خانے ( جاسوسی کے اڈے) پرقبضہ کیا تھا۔
ایران کے عوام ہر سال اسی مناسبت سے اس دن کو عالمی سامراج سے مقابلے کے قومی دن کے طور پر مناتے ہیں اور ہرسال سامراج کے خلاف اپنے اتحاد و یکجہتی اور قومی اقتدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامراج مخالف نعرے لگاتے ہیں۔
ایران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کی جڑیں بہت گہری ہیں اور زمانہ گذرنے کے ساتھ بتدریج اس دشمنی کی پرتیں کھلتی جا رہی ہیں- گذشتہ کئی عشروں سے جاری مداخلت اور دشمنی سے پتہ چلتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سلسلے میں امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور امریکہ اگر اسلامی جمہوریہ کو ختم کرنے کی طاقت رکھتا تو اس میں ایک لمحہ بھی دیر نہ کرتا- اسی لئے امریکہ مسلسل ایرانو فوبیا پھیلانے، ایران کو خطرہ ظاہر کرنے اور تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے - بنا برایں سامراج کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی اور ملت ایران، امریکہ کو بدستور ناقابل اعتماد سمجھتی ہے-