ایرانی عوام ہمیشہ امریکا کے مقابلے میں فاتح رہے ہیں: صدر رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایرانی عوام ہمیشہ امریکا کے مقابلے میں فاتح رہی ہے۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے شہر سمنان میں سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے موقع پر امریکا مخالف ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے امریکا کی دشمنی صرف چالیس سال سے نہیں ہے بلکہ وہ ستّر برس پہلے سے ایرانی عوام کی دولت و ثروت کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا۔
انہوں نے کہا ایرانی عوام سے ان ستّر برسوں کی امریکا کی دشمنی کے پہلے تیس برسوں میں امریکا ایران میں بغاوت کراتا تھا، اپنی مرضی کی حکومت مسلط کرتا تھا اور کامیاب بھی رہتا تھا، لیکن پچھلے بیالیس برسوں میں یعنی اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں امریکا کی نہ ختم ہونے والی دشمنیوں کے مقابلے میں ایرانی عوام ہی ہمیشہ فاتح رہے ہیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ چار نومبر کی تاریخ عالمی سامراج اور داخلی استبداد کے خلاف جد وجہد میں امام خمینی (رہ) کی غیرمعمولی قیادت اور پرچمداری کی یاد دلاتی ہے - انہوں نے مغربی ملکوں کے ساتھ ایٹمی معاہدے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مذاکرات سے ہمارا مقصد یہ ہے ان کا کوئی نتیجہ نکلے اور ہم ایرانی عوام کے حقوق و مطالبات سے ذرہ برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جب تک ظالمانہ پابندیاں ختم نہیں ہوجاتیں ہم اپنے موقف پر قائم رہیں گے