ایران کے نائب وزیر خارجہ کی جرمن حکام سے جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اپنے دورہ یورپ کے سلسلے میں بدھ کے روز جرمنی کے اعلی حکام سے ویانا جوہری مذاکرات کی بحالی اور ایران کیخلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے پر بات چیت کی۔
جرمن محکمہ خارجہ نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور علی باقری کنی نے بدھ کو برلن کا دورہ کرتے ہوئے جرمنی کے اعلی حکام سے ویانا جوہری مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔
جرمن وزارت خارجہ نے اپنے اس بیان میں کہا ہے کہ ویانا مذاکرات کو وہاں سے دوبارہ شروع کرنا ہوگا جہاں سے 20 جون کو منقطع ہوا تھا، تاکہ مکمل عمل درآمد کی طرف تیزی سے واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ ژان ایو لودریان نے منگل کو اپنے ایرانی ہم منصب سے ایک ٹیلی فونک رابطے کے دوران، ایران کی طرف سے 20 جون کو ملتوی کئے گئے جوہری مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا جس کا مقصد جوہری معاہدے کی جلد واپسی ہے۔
دریں اثنا، اسلامی جمہوریہ ایران نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ گزشتہ ادوار کے وقت ضائع کرنے سے والے ویانا مذاکرات کو جاری رکھنے میں دلچسبی نہیں رکھتا البتہ ایران سنجیدہ مذاکرات پر یقین رکھتا ہے اورایران اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ مغربی ممالک معاہدوں کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کرانی کرائیں۔
اسلامی جمہوریہ نے بارہا کہا ہے کہ اگر مغرب اعتماد پیدا کرنا چاہتا ہے تو اسے پہلے سے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ نائب ایرانی وزیر خارجہ اپنے دورہ یورپ کے سلسلے میں جرمنی کے بعد اب لندن پہنچ گئے جہاں وہ جوہری معاہدے اور باہمی دلچسپی کے امور پر برطانوی حکام سے ملاقات کریں گے۔