ایران کی وزارت خارجہ نے اچھے معاہدے کا مطلب بتا دیا
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر سبھی امریکی پابندیوں کے ایک ساتھ خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران میں ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفننگ دیتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ویانا مذاکرات کے ذریعے ایک اچھے معاہدے تک کیسے پہنچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے خیال میں ایک اچھے معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ ایرانی عوام پر مسلط کی جانے والے تمام کی تمام پابندیاں یکدم اٹھالی جائیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور چیف مذاکرات کار علی باقری کنی کے حالیہ دورہ یورپ اور اس کے نتائج کے بارے میں فرانس پریس کے نمائندے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بات چیت کا جائزہ مکمل ہو گیا ہے اور چار جمع ایک گروپ کے ساتھ مذاکرات کی تاریخ بھی طے ہو چکی ہے۔
سعید خطیب زادے نے آئی اے ای اے کے سربراہ کے مجوزہ دورہ تہران کے بارے میں کہا کہ ویانا میں ہمارا سفارت خانہ عالمی ادارے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور رافائل گروسی کو تہران کی دورے کی دعوت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی عنقریب ایران کا دورہ کریں گے۔