Jul ۲۴, ۲۰۲۵ ۱۹:۴۰ Asia/Tehran
  • شرائط پوری ہونے سے پہلے امریکہ سے مذاکرات نہیں: ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور نے ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے تہران کے موقف کو واضح کرتے ہوئے چند بنیادی شرائط پیش کی ہیں۔

سحرنیوز/ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور نے ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے تہران کے موقف کو واضح کرتے ہوئے چند بنیادی شرائط پیش کی ہیں۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ شرائط پوری ہونے سے پہلے امریکہ سے مذاکرات ممکن نہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران، امریکہ پر کسی قسم کا اعتماد نہیں رکھتا۔ مذاکرات اسی صورت ممکن ہیں جب امریکہ ایران کا اعتماد بحال کرے؛ مذاکرات کو کسی خفیہ یا خطرناک ایجنڈے کا ذریعہ نہ بنایا جائے؛ این پی ٹی کے تحت ایران کے حقوق، بالخصوص یورینیم کی افزودگی کے حق کا احترام کیا جائے اور ایران پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کی جائیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور  نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران ہر ممکن خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اگر کسی بھی جانب سے حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا، جن کے پانچ دور ہو چکے تھے، تاہم 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر اچانک حملے کے بعد یہ عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔

ٹیگس