مذاکرات کا دریچہ تادیر کھلا نہیں رہے گا، ایران کا مغرب کو انتباہ
ایران کی وزارت خارجہ نے موسم سرما کی آمد کے پیش نظر افغان مہاجرین کی صورتحال کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ تمام ایرانی ادارے اور تنظیمیں مشکل ترین گھڑیوں میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سردی کے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے لازمی امدادی اشیا کی متعدد کھیپیں افغانستان ارسال کی ہیں جو مختلف شہروں میں تقسیم کی جارہی ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران پچھلے چار عشرے سے چالیس لاکھ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرتا آیا ہے لیکن عالمی ادارے اور تنظیمیں کوئی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کے ، آج رات انجام پانے والے دورہ تہران کے بارے میں کہا کہ آئی اے ای ا ے کو ہر قسم کے سیاسی دباؤ سے دور رہنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای کو تہران کے ساتھ فنی تعاون کے راستے پر کاربند رہتے ہوئے، اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہیے کہ بعض ممالک اپنے سیاسی اہدف اور مقاصد، عالمی اداروں پر مسلط کرنے کی کوشش کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک امریکی عہدیدار کے اس بیان کے جواب میں کہ ایران ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ناقابل واپسی سمت میں جارہا ہے کہا کہ، امریکہ ہی ایٹمی معاہدے کی موجودہ صورتحال کا اصل ذمہ دار ہے لہذا اسے پابندیوں کے خاتمے کی قابل عمل ضمانتیں فراہم کرنا چاہیے۔