ایران، آئی اے ای اے کے ساتھ مثبت تعاون جاری رکھے گا: وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کا کہنا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے تہران میں آئی آے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی سے ملاقات میں قانون کے تناظر میں آئی اے ای اے کے ساتھ مثبت تعاون کے لئے ایران کے مستحکم عزم پر تاکید کی اور امید ظاہر کی ہے کہ رفائل گروسی کے اس سفر میں باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون میں پہلے سے زیادہ مضبوطی ملے گی۔
جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی ایرانی حکام سے بات چیت کے لیے پیر کی شب تہران پہنچے تھے اور انہوں منگل کی شام وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان سے وزارت خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے اسی طرح آئی اے ای اے کے تکنیکی، پیشہ ورانہ اور غیر جانبدارانہ اقدامات کی اہمیت پر تاکید کی اور غیر ملکیوں کے سیاسی دباؤ کی پرواہ نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس سے پہلے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے آئی آے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایران پرامن ایٹمی پروگرام پر عملدرآمد کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔