Nov ۲۹, ۲۰۲۱ ۰۰:۳۳ Asia/Tehran
  • ای سی او اجلاس سے صدر ایران کا خطاب، علاقائی ممالک سے تعلقات کو اہم قرار دیا

صدر ایران نے ترکمنستان کے دارالحکومت عشق آباد میں اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں تنظیم کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے ای سی او سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایشیائی ملکوں بالخصوص، جنوبی، مغربی اور وسطی ایشیا میں اپنے پڑوسی ملکوں ساتھ اقتصادی مشارکت اور تعاون کو خاص اہمیت دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کی ظالمانہ پابندیاں بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی اس پالیسی کو متاثر نہیں کر سکی ہیں۔ صدر ایران نے کہا کہ امریکا نے جامع ایٹمی معاہدے سے غیر قانونی طور پر نکل کے، خودسرانہ پابندیاں لگا کے اور ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اختیار کرکے، ثابت کر دیا ہے کہ اس کے مفادات علاقے کے اجتماعی مفادات سے متصادم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ علاقائی ملکوں کے درمیان مفید تعاون اور برادرانہ تعلقات علاقے کے مفاد میں ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ای سی او کے رکن ملکوں کو آپٹیکل فائبر سے منسلک کرنے، تنظیم کے رکن ملکوں کے لئے مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کرنے، ٹیکنالوجی کے تبادلے، آرٹیفیشیل انٹیلیجنس، ٹیلی مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مشترکہ منڈی کے قیام اور آن لائن ٹریننگ میں فعال تعاون کے لئے تیار ہے۔

ٹیگس