Nov ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • ایرانی بحریہ نے اپنی سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ علاقائی ممالک کی سکیورٹی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے: ایڈمیرل شہرام ایرانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ بحری فوج اپنے سمندری حدود میں کسی بھی خطرے کا پوری طاقت سے مقابلہ کرنے اور خطرات کو دور کرنے کی مکمل توانائی رکھتی ہے۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل "شہرام ایرانی" نے یوم بحریہ کے موقع پر ایک ٹی وی پروگرام میں ایران کی بڑھتی ہوئی ڈیٹرنس اور دفاعی صلاحیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ زمان و مکان کے اصول کی بنیاد پر خطرات پر ردعمل ظاہر کرتی ہے۔

بحریہ کے کمانڈر نے اس اسٹریٹیجی کی وضاحت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کی بحری فوج جلد سے جلد کم سے کم ممکنہ وقت میں وسیع ترین بحری علاقے میں دشمن کا مقابلہ کرنے، حالات پر قابو پانے اور حالات کو پرسکون بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ ایران نے تمام قسم کی آبدوزوں، بحری جہازوں اور بحری جہازوں کو بنانے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ فلائٹ یونٹس کی فعال موجودگی کی وجہ سے مطلوبہ بحری سلامتی قائم کر رکھی ہے اور پورے امن و سیکورٹی کے ساتھ اپنے ٹینکروں اور بحری جہازوں کو سمندر میں اسکورٹ کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے بحری امن و سیکورٹی کے قیام اور اس کو یقینی بنانے میں ایران کے کردار کے بارے میں کہا کہ سمندر میں ایرانی فوج کی بحریہ کی مضبوط موجودگی نے علاقے میں دیگر ممالک کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کیا ہے۔

ایڈیمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ ایران کو اب بحر ہند میں بھی بالا دستی حاصل ہے جہاں سے سب سے زیادہ تجارتی سرگرمیاں انجام پاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کا بیڑا خلیج عدن میں بھی تعینات ہے اور بحری قذاقوں سے بحری جہازوں اور ٹینکروں کی حفاظت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ ٹیکنالوجی، سائنس اور انجینئرنگ کے لحاظ سے دنیا میں سب سے  پیچیدہ ساز و سامان آبدوزوں کی تعمیر سے تعلق رکھتا ہے کہ جس کی ٹیکنالوجی نہایت پیچیدہ ہوتی ہے اور اس کے بعد سریع الحرکت بحری بیڑے، میزائل سسٹم اور ہوائی جہازوں میں استعمال ہونے والے کل پرزے اور ٹیکنالوجی ہوتی ہے اور ایران میں یہ صلاحیتیں اور ٹیکنالوجی موجود ہے اور اس کے امور یونیورسٹیوں اور نالج بیسڈ کمپینوں کے ہاتھ میں ہیں۔

ٹیگس