باہمی تعاون ایران اور آئی اے ای اے کے مابین گفتگو کا اہم محور
ایران کے اعلی مذاکرات کار نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے ایران اور 1+4 کے مابین ہونے والے مذاکرات میں مثبت تکنیکی کردار ادا کر سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی مذاکرات کار علی باقری کنی نے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی سے ملاقات میں ایران اور اس تنظیم کے درمیان تکنیکی مسائل پر گفتگو کی۔
اعلی ایرانی مذاکرات کار نے اس ملاقات کے بعد ایک ٹوئٹر پیغام میں آئی اے ای اے کے سربراہ سے اپنی حالیہ ملاقات کو تعمیری اور دونوں فریقین کے درمیان تکنیکی تعاون کے تسلسل میں قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک ویانا مذاکرات میں اپنی فعال اور مثبت شرکت جاری رکھنے کے لئے پُرعزم ہے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے اور ایران کے خلاف ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق، نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور علی باقری کنی کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکرات کار وفد نے دیگر فریقین کو دو دستاویزات پیش کیں جن میں ایک پابندیوں کے خاتمے کے معاملے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے خیالات کی دستاویز اور ایران کے جوہری اقدامات کے معاملے پر ایک اور دستاویز شامل ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ نتیجہ خیز مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔
در ایں اثناء اس ملاقات کے بعد آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہونے والی ملاقات میں جوہری معاہدے اور دوجانبہ باہمی تعلقات اور سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔