صدر ایران سے متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر کی ملاقات، باہمی تعلقات کی اہمیت اور فروغ پر ہوئی گفتگو
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ علاقے کے ممالک کی سیکورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور ایران، خلیج فارس کے ساحلی ممالک کی حمایت کرتا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو تہران میں متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زائد آل نہیان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات نئی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی بنا پر ہم متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علاقائی ملکوں کے دشمنوں کی پالیسی پڑوسیوں کے درمیان خوف و ہراس پھیلانا ہے لیکن یہ سازش مشترکہ سوجھ بوجھ سے ناکام ہوجائے گی۔
سید ابراہیم رئیسی نے علاقے کے مسلمان عوام کی حمایت کو اسلامی جمہوریہ ایران کی حتمی پالیسی قرار دیا اور کہا کہ غاصب صیہونی علاقے میں اپنے مذموم اہداف و مقاصد کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں اور جہاں بھی کھڑے ہونے کی جگہ پاتے ہیں اسے اپنی توسیع پسندی اور فتنہ انگیزی کے لئے استعمال کرتے ہیں، لہذا علاقے کے ممالک کو ہوشیار رہنا چاہئے۔
صدر رئیسی نے تہران و ابوظہبی کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات میں فروغ سے دیگر میدانوں میں بھی روابط کے استحکام کی زمین ہموار ہوگی۔
اس ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر نے بھی کہا کہ ہم اس علاقے کے پڑوسی ممالک ہیں اور ہماری سرنوشت ایک ہے، لہذا دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے اور ہم ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہیں۔