کھیل کو سیاسی رنگ دینے پر ایران نے امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی مذمت کی
امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی طرف سے بیجنگ کے سرمائی اولمپکس ۲۰۲۲ کا سفارتی بائیکاٹ کئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایران نےتمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کھیل کو سیاسی رنگ دینے کے اس عمل کی مذمت کریں۔
آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے امریکہ اور اسکے اتحادیوں کی طرف بیجنگ سے سرمائی اولمپکس ۲۰۲۲ کا سفارتی بائیکاٹ کئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئیٹ میں مغربی ممالک کے تخریبی اقدامات کے مقابلے میں چین سے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لکھا کہ چاہے بیجنگ کے سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا معاملہ ہو یا پھر ایرانی کھلاڑیوں کی مالی ذرائع تک رسائی کی بات ہو، سبھی ممالک کو، کھیل کو سیاسی رنگ دینے کی مذمت کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بیجنگ کے سرمائی اولمپکس میں شرکت کے متمنی ہیں اور ہم اس سلسلے میں چین سے اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہیں جو مغربی ممالک کے تخریبی اقدامات کا شکار ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ اور اسکے اتحادی ممالک منجملہ کینیڈا، آسٹریلیا اور برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بیجنگ کے سرمائی اولمپکس ۲۰۲۲ کا سفارتی بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے دعوا کیا ہے کہ یہ فیصلہ چین کے صوبے سین کیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے باعث کیا گیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے بھی امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے مذکورہ فیصلے کی مذمت کی ہے اور اُسے نظریاتی تعصب اور پلید ارادوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔