Dec ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۲:۱۲ Asia/Tehran
  • پڑوسی ملکوں کو ایران خاص اہمیت دیتا ہے: علی شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کو ایران خاص اہمیت دیتا ہے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے پڑوسی ملکوں میں ایران کے سفرا اور نمائندہ دفاتر کے سربراہوں کے ساتھ پیر کو ہونے والی ایک نشست میں کہا کہ ہر طرح کی غلط فہمی اور کشیدگی کا خاتمہ، تمام شعبوں خاص طور سے اقتصادی، دفاعی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ہمہ جہتی تعاون کی توسیع و تقویت نیز اسٹریٹیجک شراکت، پڑوسی ملکوں کے سلسلے میں ایران کی خارجہ پالیسی میں اہم ترجیحات رکھتی ہیں۔

انھوں نے امریکہ کی زوال پذیر اور شکست سے دوچار طاقت اور نئے ابھرتی طاقتوں کے روز افزوں فروغ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے سے امریکہ کا انخلا عراق، افغانستان اور مغربی ایشیا میں اس کی پالیسیوں کی شکست و ناکامی کا شاخسانہ ہے۔

علی شمخانی نے اسی طرح کہا کہ یمن کی جنگ میں عرب اتحاد کی شکست، دفاعی طاقت کے توازن کے تحفظ کے لئے حزب اللہ لبنان کا پختہ عزم اور غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں ایک اہم طاقت کی حیثیت سے غزہ کا نمایاں ہونا، علاقے میں رونما ہونے والی نئی تبدیلیوں کے واضح نمونے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی ایک بڑی اسٹریٹیجی ایرانو فوبیا پھیلانا اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنا ہے۔

ٹیگس