Dec ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • عالمی برادری کو افغان عوام کی معاشی حالت پر توجہ دینا چاہئے، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ افغان عوام کی معاشی صورت حال پر خصوصی توجہ دے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے گزیناں فلیپو گرینڈی نے جو ایرانی حکام سے ملاقات و گفتگو کے لئے تہران کے دورے پر ہیں، پیر کی رات ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی اور افغان پناہ گزینوں کے امور میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی۔ اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پانچ لاکھ بیس ہزار سے زائد غیر ملکی طلبا ایران میں کوئی خرچہ کئے بغیر مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اور عام ایرانی شہریوں کی طرح افغان پناہ گزینوں کو بھی کورونا ویکسین کے ڈوز دیئے گئے ہیں، کہا کہ ایران کی جانب سے نئے پناہ گزینوں کو موجودہ گنجائش سے زیادہ رفاہی خدمات پیش نہیں کی جاسکتیں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ افغان عوام کی معاشی صورت حال پر خاص طور سے توجہ دے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے گزیناں کی جانب سے پیش کی جانے والی خدمات کی قدردانی کی تاہم پناہ گزینوں کے بحران کی وسعت کے مدنظر ان خدمات کو بالکل ناکافی قرار دیا۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کا سیلابی ریلہ پڑوسی ملکوں کی سرحدوں کی طرف بڑھتا جا رہا ہے جبکہ اس تعلق سے بین الاقوامی امداد بالکل نہ ہونے کے برابر ہے۔انھوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو اس سلسلے میں اپنی حصے داری کے مطابق مدد فراہم کرنی چاہئے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی حالت میں کہ ہزاروں کی تعداد میں پناہ گزین یورپی ملکوں کی سرحدوں پر ایک بحران میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں ایران سے ہمیشہ کی مدد کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔

حسین امیر عبداللہیان نے تجویز پیش کی کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے گزیناں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو چاہئے کہ افغان عوام کے لئے امداد کی جمع آوری سے متعلق ایک کانفرنس کے انعقاد کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں۔

اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے گزیناں فلیپو گرینڈی نے بھی نئے افغان پناہ گزینوں کی مدد سے متعلق ایران کے وسیع اقدامات کی قدردانی کی۔ انھوں نے ایران میں موجود افغان پناہ گزینوں کے ویکسینیشن اور ایران کی سرحد میں داخل ہونے والے نئے افغان پناہ گزینوں کی رہائش کے انتظامات سے متعلق ایران کی جانب سے عمل میں لائے جانے والے اقدامات کو اہم اور انسان دوستانہ قرار دیتے ہوئے سراہا۔

انھوں نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے گزیناں کی امدادی سرگرمیوں میں توسیع اور مالی ذرائع‏ کی فراہمی سے متعلق کہا کہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔ فلیپو گرینڈی نے اسی طرح افغان عوام کے لئے امداد کی جمع آوری سے متعلق کانفرنس کے انعقاد کی تجویز کو قابل غور قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزیناں نے اپنے دورہ ایران کا مقصد افغان شہریوں کی امداد سے متعلق تعاون کی توسیع قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں طالبان کے ساتھ بھی مذاکرات کئے جا رہے ہیں تاکہ افغانستان میں امن و استحکام سے متعلق اقدامات تیز کئے جائیں اور افغان شہریوں کی ایران مہاجرت کو کنٹرول کیا جا سکے۔

ٹیگس