Dec ۲۴, ۲۰۲۱ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • پیامبراعظم (ص) فوجی مشقیں

پیامبر اعظم (ص) فوجی مشقوں کے چوتھے روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری دستوں نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اسمارٹ کروز میزائل چلانے اور ڈرون طیاروں کے استعمال کی مشق انجام دی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق فوجی مشقوں کے دوران درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل داغے جانے کےموقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری دستے کے کمانڈر جنرل علی رضا تنگسیری اور خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے اعلی رتبہ فوجی حکام بھی مشقوں کے موقع پرموجود تھے۔

اس موقع پر ساحلوں اور فلوٹنگ یونٹوں کے ذریعے اسمارٹ کروز میزائل سمندر کی جانب داغے گئے جنہوں نے فرضی دشمن کے اہداف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

اسی دوران سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے ڈرون طیاروں نے فرضی دشمن پر اپنی انٹیلی جنس اورعسکری برتری برقرار رکھی اور آبنائے ہرمز اور اس کے مشرقی سمندری علاقے میں ایک ڈرون طیارے کے ذریعے بیک وقت دو اہداف کو نشانہ بنا کر تہس نہس کردیا گیا۔

اس کارروائی کے دوران،  بیک وقت جاسوسی کرنے والے، حملہ کرنے والے اور الیکٹرانک جنگ کی صلاحیت رکھنے والے تین مختلف  ڈرون طیاروں سے کام لیا گیا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری دستے کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضاتنگسیری کے مطابق مشقوں میں استعمال ہونے والے کروز میزائل مکمل طور پر ایرانی ماہرین نے ڈیزائن اور تیار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈار کی رینج میں نہ آنا، الیکٹرانک جنگ کے مقابلے میں پائیداری، سخت ترین حالات میں بھی اپنے ہدف کو تلاش کرنا اور طاقتور وار ہیڈ کے ساتھ اپنے ہدف کو کمترین وقت میں ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانا، ان میزائیلوں کی اہم ترین خصوصیات ہیں اور ان خصوصیات کی بنا پر یہ مشقیں گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی مختلف بن گئی ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری دستے کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ہمارے لانگ رینج ڈرون طیارے خصوصی مشن کے دوران اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے فرضی دشمن کی سرگرمیوں والے علاقے میں داخل ہوئے اور میکسیمم انٹیلی جنس ڈیپتھ کے ساتھ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو تصویریں اور فلمیں ارسال کرنے کا کام شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے فورا بعد ہمارے اسمارٹ، بمبار ڈرون طیارے میدان جنگ میں داخل ہوئے اور انہوں نے پوری ظرافت سے فرضی دشمن کے  ٹھکانوں کو پوری ایکوریسی کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔  

قابل ذکر ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے پیر کے روز سے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں صوبہ ہرمزگان، بوشہراور خوزستان کے ساحلی علاقوں میں، مشترکہ فوجی مشقوں کاآغاز کیا جس میں بری ، بحری اور فضائی دستوں کے علاوہ عوامی رضاکار فورس بسیج کے بعض یونٹ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ٹیگس