Dec ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۴:۰۳ Asia/Tehran
  •  فوجی مشقیں، دشمنوں کیلئے دفاعی طاقت و توانائی اور دوست و پڑوسی ملکوں کیلئے صلح و دوستی کا پیغام

پیامبر اعظم(ص) 17 فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی فوجی مشقیں دشمنوں کے مقابلے میں دفاعی طاقت و توانائی اور اقتدار کی نمائش اور دوست و پڑوسی ملکوں کے لئے امن و صلح اور دوستی و برادری کے پیغام کی حامل ہیں۔

پیامبر اعظم(ص) 17 فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر عباس نیلفروشان نےایران کے ٹی وی چینل دو کے خصوصی پروگرام سے گفتگو میں پیامبر اعظم سترہ فوجی مشقوں کے کامیاب انعقاد و اختتام کی مناسبت سے ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ایران کے شریف و غیور عوام اور اسی طرح ان مشقوں میں شریک تمام پاسداروں اور جانبازوں کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف دفاعی ٹیکٹک کے ساتھ اس سطح پر منعقدہ یہ فوجی مشقیں بہت اہم اور مثالی رہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں میں مختلف سطح پر جنگ کے مختلف طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہم ترین اور کامیاب فوجی مشقیں انجام دی گئیں۔

پیغمبر اعظم(ص) فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران ایسے میزائل سے استفادہ کئے جانے کی بھی مشقیں انجام دی گئیں جو دشمن کے آئرن ڈوم اور دفاعی سسٹم کو ناکام ثابت کرتے ہوئے اپنے اہداف کو ٹھیک طرح سے اور پوری دقت کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور توانائی رکھتے ہیں۔

بریگیڈیئر عباس نیلفروشان نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران ایسے جنگی و حملہ آور ڈرون طیاروں کے استعمال کی بھی مشقیں انجام دی گئیں جو تین سو ساٹھ کے درجےکے زاویہ سے اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے میزائل اور ڈرون طیاروں کے شعبوں میں قابل ذکر ترقی و پیشرفت کی ہے اور مغربی ایشیا میں اسے ان دونوں شعبوں میں نمایاں برتری حاصل ہے جس کی بدولت بھرپور دفاعی و اسمارٹ فوجی طاقت کا توازن اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں تبدیل ہو گیا ہے۔

پیامبر اعظم فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت ایران کے کسی بھی دوست ملک یا گروہ کا مقابلہ کرنے کی ہرگز توانائی نہیں رکھتی اور اسے جنگ و جارحیت اور کسی بھی غلطی کا ارتکاب کرنے کی صورت میں شکست و ناکامی کے ساتھ مکمل تباہی اور نابودی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ایران کے خلیج فارس میں جنوبی صوبوں کے ساحلوں میں پیامبراعظم(ص) 17 فوجی مشقیں پانچ روز تک جاری رہنے کے بعد پوری کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں ان مشقوں کے دوران سبھی اہداف کو حاصل کرلیا گیا۔

ٹیگس