ایرانی عوام کے مفادات کا دفاع ہماری پہلی ترجیح
ایران کی سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کے غیور عوام کے مفادات کا دفاع ہماری پہلی ترجیح ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے آج اتوار کے روز پیامبر اعظم (ص) 17 فوجی مشقوں کے کامیاب انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی مشقیں ایران کی قومی اور عسکری اقتدار اعلی کی طاقت و توانائی اور امن و صلح کی برقراری کی ایک جھلک تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب فوجی مشقیں ایران کے بہادر سپوتوں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہیں جو اپنے ملک کے عوام کے آرام و سکون کیلئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
اس سے قبل پیامبر اعظم(ص) 17 فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر عباس نیلفروشان نے پیامبر اعظم سترہ فوجی مشقوں کے کامیاب انعقاد و اختتام کی مناسبت سے ان مشقوں میں شریک تمام پاسداروں اور جانبازوں کی خدمت میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف دفاعی ٹیکٹک کے ساتھ اس سطح پر منعقدہ یہ فوجی مشقیں بہت اہم اور مثالی رہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں میں مختلف سطح پر جنگ کے مختلف طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہم ترین اور کامیاب فوجی مشقیں انجام دی گئیں۔
پیغمبر اعظم(ص) فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران ایسے میزائل سے استفادہ کئے جانے کی بھی مشقیں انجام دی گئیں جو دشمن کے آئرن ڈوم اور دفاعی سسٹم کو ناکام ثابت کرتے ہوئے اپنے اہداف کو ٹھیک طرح سے اور پوری دقت کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور توانائی رکھتے ہیں۔
بریگیڈیئر عباس نیلفروشان نے کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران ایسے جنگی و حملہ آور ڈرون طیاروں کے استعمال کی بھی مشقیں انجام دی گئیں جو تین سو ساٹھ کے درجےکے زاویہ سے اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے میزائل اور ڈرون طیاروں کے شعبوں میں قابل ذکر ترقی و پیشرفت کی ہے اور مغربی ایشیا میں اسے ان دونوں شعبوں میں نمایاں برتری حاصل ہے جس کی بدولت بھرپور دفاعی و اسمارٹ فوجی طاقت کا توازن اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں تبدیل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے پیامبراعظم سترہ نامی فوجی مشقوں کا آخری مرحلہ جمعے کو مکمل کرلیا۔