Dec ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران عمان مشاورتی کمیٹی کا اجلاس

ایران اور عمان کی مشترکہ اسٹریٹیجک ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس تہران میں منعقد ہوا۔

ایران عمان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی موجودہ سطح کا جائزہ لیا گیا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی اور عمان کے نائب وزیر خارجہ برائے سفارتی امور شیخ خلیفہ الحارثی نے اجلاس میں اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی۔
اجلاس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کے علاوہ ، ویانا مذاکرات اور بحران یمن سمیت اہم بین الاقوامی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی نے خطے کے ملکوں کے باہمی تعاون سے علاقائی مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ان کے حل کی امید ظاہر کی۔
شیخ خلیفہ الحارثی نے اس موقع پرعلاقائی تبدیلیوں میں ایران کے کلیدی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دوطرفہ اور علاقائی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمان اور ایران کے تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر موثر ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اجلاس کے اختتام پر ایران عمان اسٹریٹیجک مشاورتی کمیٹی کے آٹھویں اجلاس کی رپورٹ پر بھی دستخط کیے گئے۔

ٹیگس