Dec ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ایرانی سیٹلائٹ کیریئر سیمرغ کی کامیابی پر امریکہ سیخ پا

امریکہ نے ایران کی جانب سے کامیابی کے ساتھ سیمرغ سیٹلائٹ کیریئر کو خلا میں بھیجے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وہائٹ ہاوس نے جمعرات کی شام ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ اس کو ایران کی جانب سے  خلائی تحقیقاتی آلات سے لیس سیمرغ سیٹ لائٹ کیریئر خلا میں بھیجے جانے پر تشویش ہے۔

وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں اسی کے ساتھ دعوی کیا کہ وہ ویانا مذاکرات کا پابند ہے۔ یاد رہے کہ ایران نے جمعرات  تین خلائی تحقیقاتی آلات سے لیس  سمیرغ سیٹلائٹ کیریئر کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کیا ہے۔

ایران کی وزارت دفاع کے خلائی شعبے کے ترجمان سید احمد حسینی نے سیمرغ سیٹلائٹ کیریئر  کو کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ  ایران نے اپنے  سائنسدانوں کی کوششوں سے خلائی صلاحیتیں پیدا کرنے اور سفیر و قاصد جیسے چھوٹے سیٹلائٹ راکٹوں  کو خلا میں روانہ کرنے کی قابلیت پیدا کرنے کے  بعد زیادہ صلاحیتوں کے حامل سیٹلائٹ  کیریئر کو توسیع دینے کا پروگرام بنایا اور اس کے نتیجے میں سیمرغ سیٹلائٹ کیریئر  کی تیاری میں کامیابی حاصل کی۔

سید احمد حسینی نے سیمرغ  سیٹ لائٹ کیریئر کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ سیمرغ سیٹلائٹ کیریئر بھیجنے کے اس مشن  میں  خلائی اسٹیشن کے اجزاء کی کارکردگی سمیت مشن کے سبھی مراحل کامیابی سے انجام پائے۔ انہوں نے کہا کہ اس خلائی تحقیقاتی مشن کے ذریعے ہم نے پہلی بار ایک ساتھ تین تحقیقاتی آلات سات ہزار تین سو پچاس کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے زمین کے مدار میں دو سو ستر کلومیٹر کی بلندی پر پہنچائے ہیں۔

ایرانی سائنسدانوں کا تیار کردہ سیمرغ  سیٹلائٹ  کیریئر  دو سو پچاس کلو وزنی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں پانچ سو کلومیٹر کی بلندی پر پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیگس