پابندیوں کی منسوخی، ویانا مذاکرات کی اولین ترجیح
ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے رکن نے کہا ہے کہ پابندیوں کی منسوخی ویانا مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی اولین ترجیح ہے۔
پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے رکن حسین نوش آبادی نے پابندیوں کے خاتمے کے لئے ہونے والے ویانا مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات میں پہلے پابندیوں کی منسوخی کا فیصلہ ہونا چاہئے اور اس کے بعد ایٹمی موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔
ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے رکن نے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کا آٹھواں دور اسلامی جمہوریہ ایران کے تیار کردہ دائرے میں شروع ہوا البتہ ابھی تک شرائط پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے۔ ایرانی حکومت کی تجاویز سے نہ صرف ایٹمی مفادات پورے ہوتے ہیں بلکہ اس میں پابندیوں کی منسوخی کو بھی مدنظررکھا گیا ہے۔
ظالمانہ پابندیوں کی منسوخی کے بارے میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کے نائب وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا آٹھواں دور پیر کو ویانا میں شروع ہوا تھا۔آٹھویں دور کے مذاکرات میں تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے سیاسی اور ماہرین کی سطح کے مذاکرات میں پابندیوں کی منسوخی اور امریکی فریق کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت اور اس کی جانچ پرکھ کے بارے میں گفتگو ہوئی۔