ویانا میں علی باقری اور انریکہ مورا کی ملاقات
ویانا میں علی باقری کنی اور انریکہ مورا کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ویانا مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ علی باقری کنی نے پابندیوں کی منسوخی پر مذاکرات کے آٹھویں دور کے دوسرے مرحلے میں جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے کوارڈینیٹر انریکہ مورا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے ہونے والے مذاکرات اور اجلاسوں کے بارے میں گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ویانا مذاکرات کے آٹھواں دور 27 دسمبر سے شروع ہوا جس میں 30 دسمبر کو نئے عیسوی سال کی چھٹیوں کی وجہ سے 3 دن کا وقفہ دیا گیا اور اس طرح آٹھویں دور کے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ 3 دن کے وقفے کے بعد کل بروز پیر سے دوبارہ شروع ہوا۔
ایک یورپی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ دو دور کے مذاکرات اچھے ماحول میں ہوئے، تمام وفود نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے تعاون کیا۔
واضح رہے کہ اعلی ایرانی سفارتکار علی باقری کنی نے گزشتہ جمعرات کو نئے عیسوی سال کی چھٹیوں کی وجہ سے مذاکرات میں وقفے کے موقع پر کہا تھا کہ ویانا میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں پابندیاں ہٹانے میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔