Jan ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • ویانا مذاکرات؛ ایران کی مشترکہ کمیشن کے کوارڈی نیٹر اور یورپی ٹرائیکا سے ملاقات کی

ایران کے اعلی مذاکرات کار نے ویانا میں یورپی ٹرائیکا اور مشترکہ کمیشن کے کوارڈی نیٹر سے ملاقات کی اور صلاح و مشورہ کیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سینئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے ویانا میں فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے نمائندوں اور مشترکہ کمیشن کے کوارڈی نیٹر انریکے مورا سے ملاقات اور گفتگو کی۔ ویانا میں اس کے ساتھ ہی بدھ کو ایران اور گروپ چار جمع ایک کے ماہرین کا بھی اجلاس ہوا۔

دوسری جانب ویانا مذاکرات کے موقع پر جنوبی کوریا کی درخواست پر علی باقری کنی اور جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ چوی جانگ کان کے درمیان بھی ملاقات کا پروگرام طے پایا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا ہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ کی جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کا پروگرام خود کوریا کی درخواست پر طے کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ویانا میں جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے عہدیدار کی موجودگی ایک ذاتی معاملہ ہے اور تیسرا فریق جو دو فریقی اور کثیر فریقی مسائل پر بات کی خواہش رکھتا ہے وہ ویانا میں موجود رہ سکتا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے، جنوبی کوریا کے حکام نے ویانا میں موجود بعض دیگر بیرونی وفود سے بھی ملاقات کی ہے اور اس طرح کی نشستوں کے موقع پر ایسی ملاقاتیں رائج اور معمول کی بات ہے۔

درایں اثنا روس کے سینئر مذاکرات کار نے کہا ہے کہ ویانا میں جاری مذاکرات، ڈیڈ لائن کے تابع نہیں ہیں۔ روس کے سنیئر مذاکرات کار میخائیل اولیانوف نے بدھ کی رات ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کوئی بھی مذاکراتی وفد گفتگو کے لئے وقت معین کر سکتا ہے لیکن سفارتی سرگرمیاں ڈیڈلائن کی پابند نہیں ہیں۔ انھوں نے ایسی حالت میں یہ بات کہی ہے کہ مغربی مذاکراتی فریق چاہتا ہے کہ جعلی ڈیڈ لائن معین کرکے ایرانی وفد کو دباؤ میں رکھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ وہ مذاکرات کے عمل میں کسی طرح کی ڈیڈ لائن قبول نہیں کرے گا۔

ایران کے خلاف غیرقانونی اور ظالمانہ پابندیوں کی منسوخی کے لئے ویانا مذاکرات کا آٹھواں دورگذشتہ پیر سے شروع ہوا ہے۔ ایران کے سینئر مذاکرات کار علی باقری کنی نے ویانا مذاکرات کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ٹیگس