Jan ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • منہ زور سامراجی دشمن کے سامنے سرتسلیم خم نہ کرنا انقلاب اسلامی کا اٹل اصول ہے، ایران کسی کے سامنے جھکنے والا نہیں: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کو اسلامی نظام کا دشمن قرار دیتے ہوئے اسکے سامنے سر تسلیم خم نہ کرنے کو اسلامی نظام کا ایک اٹل اصول قرار دیا ہے۔

ایران کے قم شہر میں شروع ہونے والی نو جنوری انیس سو اٹھہتر کی تحریک کی سالگرہ کے موقع پر قم کے عوام سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ اسلامی نظام حکومت کا کٹر دشمن ہے کیونکہ وہ اس نظام کو ایرانی عوام کے مذہبی اور دینی عقائد کا مظہر سمجھتا ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کو اسلام اور امت مسلمہ کے اقتدار کا مظہر قرار دیا۔ آپ نے دنیا کے مختلف ملکوں کے اہلسنت عوام میں ایران کے اسلامی نظام کے بارے میں پائی جانے والی والہانہ محبت کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ مختلف ملکوں میں شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں ہونے والے عظم الشان اجتماعات اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے، شہید جنرل قاسم سلیمانی کے تاریخی جلوس جنازہ کو عوام کی غیرت  کا مثالی نمونہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اس دن ایران کے عوام نے ایک بار پھر اپنی دینی اور انقلابی وحدت اور تشخص کا مظاہرہ کیا۔ آپ نے فرمایا کہ اگر شہید جنرل  قاسم سلیمانی کا مقدس پیکر شام، لبنان اور پاکستان لے جایا جاتا تو وہاں بھی ایران اور عراق کی مانند مسلمانوں کی جانب سے عظیم الشان استقبال کیا جاتا۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو امریکی تخمینوں کی غلطی کا تسلسل قرار دیا اور فرمایا کہ دہشت گرد، استقامتی محاذ  کی عظیم تحریک کے مظہر کے طور پر انہیں شہید کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی دوسری برسی کے موقع پر ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں جس طرح سے جنرل سلیمانی سے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا وہ بلاشبہ دست قدرت کا نتیجہ ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے امریکہ کے تخمینے اور اندازوں کے نظام میں کتنی خرابی پائی جاتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ، منہ زور سامراجی دشمن کے سامنے، سرتسلیم خم نہ کرنے کو، انقلاب کے اصولوں میں سے ایک قرار دیا اور فرمایا کہ، کبھی کبھی دشمن سے مذاکرات ، بات چیت اور رابطوں کا مطلب ، اس کے سامنے جھک جانا نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایران آج تک جھکا ہے اور نہ ہی آئندہ کبھی جھکے گا۔

 

ٹیگس