Jan ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ ایران اور امیر قطر کی ملاقات، دونوں ممالک تعلقات میں مزید فروغ کے لئے پرعزم

امیر قطر نے ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی توسیع و تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ قطر میں اس ملک کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں حسین امیر عبداللہیان نے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا سلام پہنچاتے ہوئے مختلف شعبوں میں ایران اور قطر کے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں فریقین نے خاص طور سے اقتصادی شعبے میں توسیع کی ضرورت پر  زور دیا۔  اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے بارے میں تہران کی پالیسی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ملاقات میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی ایران اور قطر کے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اس دورے میں اسی طرح قطر کے نائـب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں مختلف دوطرفہ، علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کی۔

منگل کو دوحا میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے بھی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان عمان کا اپنا دورہ مکمل کر کے قطر کے دورے پر دوحہ پہنچے۔

ٹیگس