Jan ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۸ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی رکنیت فیس ادا نہ ہو پانے کی ایران نے وجہ بتا دی

ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی یکطرفہ اور ظالمانہ پابندیوں کے باعث ایران اقوام متحدہ کو اپنی رکنیت فیس ادا نہیں کر پا رہا ہے۔

ایران پرس کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے اقوام متحدہ میں ایران کے حق رائے دہی کو ختم کر دئے جانے کے سلسلے میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ دو سال سے ایران امریکہ کی یکطرفہ اور ظالمانہ پابندیوں کے سبب اقوام متحدہ میں رکنیت کی فیس ادا نہیں کر پا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے بنیادی اور سرگرم اراکین میں شمار ہوتا ہے اور وہ خود کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں رکنیت کی فیس بروقت ادا کرنے کا پابند سمجھتا ہے اور پابندیوں کے باعث تمام تر محدودیتوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایران نے رکنیت کی فیس کی ادائگی کا بندوبست کر لیا ہے اور معاملے کے حل کے لئے اس وقت بات چیت ہو رہی ہے۔

خطیب زادہ نے مزید کہا کہ ایران کی کوشش ہے کہ ایک ایسا چینل کا بندوبست کر دیا جائے جس سے اقوام متحدہ کی رکنیت فیس کو جلد از جلد اور بر وقت ادا کیا جا سکے۔

ایران کے ترجمانِ وزارت خارجہ نے کہا کہ بہتر یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اسکا سیکریٹیریٹ غیر قانونی پابندیوں کے شکار ممالک کی خاص صورتحال کو مد نظر رکھیں اور فیس کی ادائگی کی راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو نظر انداز نہ کریں۔

خیال رہے کہ چند گھنٹوں قبل عالمی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ ایران سمیت دنیا کے آٹھ ممالک کو اقوام متحدہ کی رکنیت فیس ادا نہ کرنے کے باعث حق رائے رہی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ اقدام امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کا ایک اور نتیجہ شمار ہوتا ہے۔

 

 

 

ٹیگس