Jan ۱۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۱ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کا دورۂ تہران، شام کے تعلق سے حقیقت پسندانہ اقدام پر ایران کی تاکید

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پٹرسن نے شام کے حالات کے تعلق سے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان سے تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے شام میں صلح و ثبات اور قومی آشتی کے مذاکرات میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی کوششوں کو سراہا اور اس حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے انہیں ہر طرح کی ممکنہ مدد کا یقین دلایا۔

حسین امیر عبد اللھیان نے شام کے تعلق سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ بحران شام کے آغاز سے ہی اس بات پر تاکید کر رہا ہے کہ یہ بحران سیاسی راستے سے حل ہوگا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے شام میں غیر قانونی طور پر امریکی فورسز کی موجودگی اور صیہونی فوج کے شام پر آئے دن حملے کو اس ملک میں سیاسی راہ حل کی راہ میں رکاوٹوں کا ذمہ دار بتایا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے اس نکتے کی طرف توجہہ دینے پر تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ شام پر لگائی گئی پابندیوں اور بے گھر ہوئے لوگوں کے مسئلے پر توجہ کے بغیر اس ملک کو بحران سے نہیں نکالا جا سکتا۔

شام کے معاملے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پٹرسن نے اس ملاقات میں شام کے حالات کو استحکام کا حامل بتاتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی فریق اس ملک میں حکومت بدلنے کی بات نہیں کر رہا ہے۔

انہوں نے شام کی ارضی سالمیت، سیاسی استحکام اور اقتدار اعلی کے محفوظ رہنے پر زور دیا۔

 

 

ٹیگس