Jan ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکی وفد سے ایرانی مذاکراتی وفد کے رابطے غیر سرکاری اور تحریری ہیں، اس سے زیادہ کی ضرورت بھی نہیں: علی شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ ویانا مذاکرات میں موجود امریکی وفد کے ساتھ ایرانی مذاکراتی ٹیم کے رابطے غیرسرکاری تحریری تبادلے کی شکل میں انجام پائے ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکریٹری علی شمخانی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ویانا میں موجود امریکی وفد سے اب تک جو بھی رابطے ہوئے ہیں وہ غیرسرکاری اور تحریروں کے تبادلے کی شکل میں رہے ہیں اور اس سے زیادہ کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس قسم کے رابطے صرف اس وقت ہی دوسرے طریقوں کے متبادل بنتے ہیں جب اچھا سمجھوتہ قابل دسترس ہو۔

درایں اثنا ویانا مذاکرات میں روسی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایران اور گروپ چار جمع ایک نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں مذاکرات کے اختتامی متن کا اہم حصہ تیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ ایران اور گروپ چار جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں دور ویانا میں ستائیس دسمبر دو ہزار اکیس کو شروع ہوا اور فریقین کے اعتراف کے مطابق مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، پابندیوں کی مکمل منسوخی اور ان کی جانچ پرکھ اور وعدہ خلافی نہ کرنے کی ضمانت پر زور دے رہا ہے اور یہی دونوں موضوعات ویانا مذاکرات کے عمل میں سب سے اہم ہیں۔

ٹیگس